بارش، انتظامیہ ادارے چوکس رہیں ، عوام کو تکلیف نہیں ہونی  چا ہئے: حمزہ  شہباز 


لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے لاہور، گجرات سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس، لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلی   نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے، صوبائی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کو الرٹ کردیا ہے۔ متعلقہ محکمے اور ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور متاثرہ لوگوں کو فوری طورپر ریلیف فراہم کیا جائے۔ متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے کاموں میں تساہل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ  نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں  کے پیش نظر لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔  ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، واسا اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو مانیٹر کریں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ٹریفک کی روانی کے لئے  مینجمنٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کا عملہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ مخلوق خدا کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن