اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے واپڈا اسٹاف کالج میں منعقدہ نیشنل واٹر پالیسی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے پانی کی دستیابی بھی ایک اہم مسئلہ ہے اور ہمیں زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے بھی پانی کی وافر مقدار کی ضرورت ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ پانی کے مسئلے پر ہم کہاں کھڑے ہیں اور اس مسئلے کے حل کیلئے ہمیں کن فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ حل کئے بغیر ہم زراعت میں ترقی نہیں کرسکتے اور وزراعت کی ترقی کے بغیر ہم معاشی لحاظ سے خود کفیل نہیں ہو سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دو صوبوں نے انڈر واٹر گرائونڈ واٹر اتھارٹیز بنا لی ہیں اور باقی دو صوبوں کو بھی جلد از جلد انڈر گرائونڈ واٹر اتھارٹیز قائم کر نی چاہیں تاکہ پانی کے مسائل کے حل میں جلد پیشرفت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گزشتہ دور حکومت میں گندم برآمد کرتے تھے اور آج ہم گندم درآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا واٹر کی منصفانہ تقسیم کیلئے ہم ٹیلی میٹرز کی تنصیب کر رہے ہیں تاکہ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا ہم پانی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور ورکشاپ کے شرکا جن میں بیرون ملک سے آئے ہوئے ماہرین بھی شامل ہیں کی آرا اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کی تجاویز سے جاری اور آئندہ منصوبوں میں استفادہ کیا جائے گا۔
خورشید شاہ