لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے جمعتہ المبارک اور عشرہ محرم الحرام کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت کی مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہورشہر کی اہم شاہراو¿ں، مارکیٹوں اورپبلک مقامات پر ناکے لگائے گئے اور جمعہ کی نماز اور مجالس کے دوران سکیورٹی الرٹ رہی۔ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج ناکوں پر خود موجود رہے اور چیکنگ کے عمل کی نگرانی کی۔پولیس افسروںاور اہلکاروںنے سنیپ چیکنگ کی تاکہ شر پسند عناصر، مشکوک افراداور ناجائز اسلحہ پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس سمیت اہم مقامات کے اطراف میں پٹرولنگ کرتی رہیں۔