اسلام آباد ( وقائع نگار ) ریڈ زون کی آڑ میں اسلام آباد انتظامیہ نے اہلیانِ نورپورشاہاں بری امام کا داخلہ شہر میں دو دن سے بند کر رکھا ہے،جس کی وجہ سے مقامی آبادی کے علاوہ حضرت بری امام کے عقیدت مند کو سخت مشکلات کا سامنا ہے لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔لوگ نالوں سے گزر کر اسلام آباد جانے پر مجبور ہیں. ان خیالات کا اظہار تنویر حسین عباسی چئیرمین عوام دوست گروپ نے اہلِ علاقہ کے ساتھ گفتگو میں کیا. انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو تحریری طور پر حالات سے آگاہ کر دیا گیا ہے لیکن انتظامیہ جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتی ہے. تنویر عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس پر پابندی لگائی تھی جو محدود ایریا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسکی آڑ میں پہلے حدود کو وسعت دی اور پھر گیٹ لگا کر راستہ بند کر دیا ہے۔
جو بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے. اہلیان نورپورشاہاں اور مسلم کالونی کی پچاس ہزار کی آبادی کو سیکیورٹی کی آڑ میں محصور کر کے رکھ دیا ہے. لوگوں کو پتھر ا±ٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے. اگر حالات خراب ہوتے ہیں تو اِس کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔تنویر عباسی نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالات کا فوری نوٹس لیں اور ضلعی انتظامیہ اسلا م آباد کو ہدایت کریں کہ وہ راستہ مستقل بنیادوں پر کھلا رکھیں۔