مساجد، امام بارگاہ اور حساس مقامات کا سیکیورٹی آڈٹ کیا جائے، جمال ناصر


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کا ازسرنو سیکیورٹی آڈٹ کیا جائے، خامیوں کی نشاندہی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی پلان بھی مرتب کیا جائے یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، سی پی او سید خالد ہمدانی، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، راولپنڈی میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمام اداروں کو محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہنا ہوگا تاکہ ملک دشمن قوتوں کو اس ماہ مقدس کے دوران فرقہ وارانہ منافرت کے بہانے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیس کی ضروری نفری کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور ضابطہ اخلاق کے اوپر ہر صورت میں عمل درامد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس پر صفائی کا بہترین انتظام کیا جائے، لٹکتی بجلی کی تاروں کو ہٹایا جائے اور اگر کسی جگہ پر بلڈنگ مٹیریل موجود ہو تو اس کو فوری ہٹایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن