لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں صنعتی کارکنوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کا بھی علاج کیا جائے گا چنانچہ ان ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 120 خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے اشتہار جلد از جلد شائع کروایا جائے۔ عام شہریوں کو علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کرنے سے ان ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اس لئے نہ صرف پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے جائے بلکہ ان کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایمرجینسی وارڈز کو بھی فعال کیا جائے اور وہاں آنے والے ہر شہری کو طبی امداد فراہم کی جائے۔ عام شہریوں کا علاج شروع ہونے کے بعد سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں دل کے امراض اور حاملہ عورتوں کے ڈیلیوری آپریشن کرنے کیلئے حکومت پنجاب مالی معاونت فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے انتظامات کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، کمشنر سوشل سیکورٹی نادیہ ثاقب اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں صنعتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کا علاج ترجیحی بنیادوں پر جاری رہے گا۔ حکومت پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام شہریوں کے علاج معالجے کے اخراجات مہیا کرے گی۔