لاہور( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”شہادتِ سیدنا عمر فاروقؓ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت فاروق اعظمؓ اسلامی تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آپؓ نے زمین پر نظام عدل قائم کرنے میں مثالی کردار ادا کیا۔ حضرت سیدنا فاروقِ اعظمؓ کے نظامِ عدل کو اقوامِ عالم نے خراج تحسین پیش کیا۔ آپؓکی دینی حمیت اور فقہی بصیرت نے اسلام کا دائراہ بہت وسیع کیا۔آپؓکی فتوحات کی تیزی اور مفتوحہ علاقوں میں انتظامی اصلاحات سے نظامِ اسلام کی دھاک دور دور تک بیٹھ گئی۔ آپؓ تربیتِ نبوی کے شاہکار اور حق کی تلوار تھے۔غلبہ¿ اسلام اور نصرتِ دین کیلئے آپؓ ہمیشہ پہلے محاذ پر نظر آئے۔آپؓکے رعب اور دبدہ کا سامنا شیطان بھی نہیں کرسکتا تھا۔ حضرت سیدنا عمر فاروقؓکے عہد خلافت کے فیصلے آج کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔آپؓ نے عملی طور پر یہ بتایا رعایا کے حقوق کی ادائیگی کیلئے حکمران کا کردار ایک پہرے دار اور خادم کا ہونا چاہیے۔ کانفرنس میں علامہ محمد ادریس جلالی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، میاں محمد الیاس جلالی، حاجی محمد منیر بھٹی، مولانا محمد فرید احمد ساسولی، حاجی کتاب جان و دیگر نے شرکت کی۔