کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نواب آف جونا گڑھ سٹیٹ جہانگیر اے خانجی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خانجی کے جنازے میں صوبائی وزیر سعید غنی، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر طارق حسن، سینیٹر وقار مہدی، محفوظ یار خان کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے شرکت کی۔ انسان دوست گروپ کے سربراہ قیص منصور شیخ، بزنس کمیونٹی سے بیگ گروپ کے سربراہ مرزا اختیار بیگ، مرزا اشتیاق بیگ، ڈاکٹر فاروق ستار، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، ڈی جی رینجرز سندھ اظہر وقاص بھی نواب آف جونا گڑھ کے جنازے میں شریک ہوئے۔ کامران ٹیسوری نے جنازے کے شرکاءسے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواب آف جونا گڑھ کی پاکستان کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، میں ان کی فیملی سے تعزیت کرتا ہوں، جنازے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ لوگوں کے ساتھ ان کا رویہ کتنا مہربانی والا تھا۔ نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خانجی کی نماز جنازہ سماجی رہنما حاجی حنیف طیب نے پڑھائی۔ مرحوم کی تدفین مواچھ گوٹھ جونا گڑھ قبرستان میں کر دی گئی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ریاستِ جونا گڑھ کے نواب محمد جہانگیر خانجی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے نواب جہانگیر خانجی کیلئے مغفرت اور اہلِخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ نواب جہانگیر خانجی نے پوری زندگی بھارت کے جوناگڑھ پر ناجائز قبضے کے خلاف آواز بلند کی۔
نواب جونا گڑھ