یونان کشتی حادثہ: 3 میتیں ورثاءکے سپرد، گجرات میں تدفین، رقت آمیز مناظر 

Jul 22, 2023

گوجرانوالہ +گجرات (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 3نوجوانوں کی میتیں گجرات پہنچنے کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی این اے کی تصدیق کے بعد یونان حکومت کی جانب سے نیامت پورہ کے طاہر، دولت نگر کے عبدالوحید اور سفیان عباس کی نعشیں پاکستان بھجوا دی گئی جنہیں ایئر پورٹ پر ان کے لواحقین نے وصول کیا۔ میتیں ان کے گھروں میں پہنچیں تو رقت آمیز مناظر تھے۔ ورثاءجسد خاکی کے تابوت سے لپٹ کر روتے رہے۔ تینوں نوجوان سنہرے مستقبل کی خاطر غیر قانونی طور پر دوبئی سے لیبیا اور اٹلی جارہے تھے کہ ان کی کشتی حادثہ کا شکار ہو گئی۔ واضح رہے کہ یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ ہونے والوں میں ایف آئی اے حکام کے مطابق 121سے زائد نوجوانوں کا تعلق گجرات سے ہے۔ دوسری جانب حکومت پاکستان کی جانب سے میتیں واپس لانے کیلئے خصوصی فلائٹ کا بندوبست نہ کےے جانے پر نوجوانوں کی میتیں وطن واپسی میں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ادھر ایف آئی اے سرکل کی یونان کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلرز کے خلاف ناقص تفتیش کا بھانڈہ پھوٹ گیا۔ ایف آئی اے سرکل گجرات کی جانب سے یونان کشتی حادثے کے 6 مقدمات میں نامزد انسانی سمگلر سلیم سنیارا کو گزشتہ روز سینئر سول جج گجرات خدا یار کی عدالت میں پیش کیا گیا تو فاصل جج نے ایف آئی اے کے تفتیشی آفیسر سے استفسار کیا کہ کئی دن ریمانڈ میں رکھنے کے بعد ملزم سے کیا برآمدگی کی گئی تو تفتیشی نے جواب دیا کہ ملزم سے تاحال کوئی بھی برآمدگی نہیں کی جا سکی۔ جس پر عدالت نے متعدد مقدمات میں نامزد ملزم سے ناقص تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی سمگلر سلیم سنیارا کو 3 مقدمات میں جوڈیشل جبکہ 3 میں جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ آج مزید 6 میتیں لائی جائیں گی۔ یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ناصر کی میت نواحی گا¶ں اروپ پہنچا دی گئی۔ اہلخانہ غم سے نڈھال، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ ناصر کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

میتیں 

مزیدخبریں