گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے لیے تمام آسمانی کتب محترم ہیں، آسمانی کتب کی بے حرمتی ناقابل قبول ہے۔ گوجرانوالہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سویڈن میں کل دوبارہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی۔ 26 جولائی کو علماء کونسل نے اجلاس بلایا ہے، اپنی سفارشات اسلامی ممالک و دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام آسمانی کتابوں کی بے حرمتی روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں قانون سازی کی جانی چاہیے۔ امت مسلمہ کو او آئی سی کے پلیٹ فارم سے سویڈن کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج کل سائفرکا بڑا شور ہے، اس طرح کے سائفر روز آتے جاتے رہتے ہیں، ہمیں ملک میں افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ مساجد میں کوئی ٹی وی نہیں دیکھتا، بجلی کے بلوں میں مساجد کو معاف کر دیں، مساجد کے بلوں میں ٹی وی، ریڈیو ٹیکس شامل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں ہمیں ملک میں افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینا چاہیے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ کسی مکتبہ فکر کی دل آزاری نہ کریں، پاکستان بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کا مرکز ہے۔
قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل قبول‘ او آئی سی سویڈن کے خلاف سخت اقدامات کرے: طاہر اشرفی
Jul 22, 2023