اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عالمی ادارہ صحت اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے کی۔ وفد نے صدر مملکت اور خاتون اول کی خصوصی افراد، چھاتی کے کینسر، نفسیاتی صحت اور صحت کے دیگر مسائل پر کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے ملاقات کے دوران خصوصی افراد کی مالی خود مختاری کیلئے انہیں ہنرمند بنانے کی ضرورت پر زو دیا اور کہا کہ معاشرے کو منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی جانب اپنے رویوں کو بدلنا ہوگا۔ خصوصی افراد کی بحالی اور ان کی سہولت کیلئے انہیں معاون ٹیکنالوجی کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ بحالی اور معاون ٹیکنالوجی کی خدمات کو پرائمری اور کمیونٹی کی سطح پر فراہم کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ خصوصی افراد کو اعلٰی معیار، محفوظ اور سستی بحالی کی خدمات اور معاون ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے عالمی ادارہ صحت کو بحالی 2030 منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد دی۔