اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے چچا علی ترکئی کے گھر پولیس چھاپہ اور توڑ پھوڑ پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد وغیرہ کے خلاف اندراج مقدمہ کا ٹرائل کورٹ حکم معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک کاروائی سے روک دیااور فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد کے وکیل طاہر کاظم سے استفسار کیاکہ ہاں جی کیا ہوگیا ہے ، کیا ایف آئی آر ہوگئی ہے،جس پر وکیل نے بتایاکہ ایف آئی آر ابھی نہیں ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ امید علی بلوچ کا آرڈر ہے 22 اے کی درخواست تھی، چیف جسٹس نے کہاکہ وائلیشن کس نے کی ہے کون وہاں تھا کون نہیں تھا، جس پر طاہر کاظم ایڈووکیٹ نے بتایاکہ سرچ وارنٹ تھا اسکی تعمیل ہوئی اور تفتیشی افسر وہاں گئے، چیف جسٹس نے کہاکہ کون تھا وارنٹ کی تعمیل میں وہ بتادیں، جس پر طاہر کاظم ایڈووکیٹ نے بتایاکہ نہ آئی جی موقع پر تھے نہ ایس پی تھے، اس موقع پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ پورا آرڈر پڑھیں،جس پر آئی جی کے وکیل نے آرڈر پڑھا، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت ملتوی کردی۔واضع رہے کہ آئی جی اسلام آباد نے اندراج مقدمہ کے ٹرائل کورٹ حکم کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔