محرم الحرام میں شہریوں کوبہترین سہولیات دینے کیلئے منظم ٹریفک پلان جاری

Jul 22, 2023

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے محرم الحرام کے حوالے سے منظم اورجامع ٹریفک پلان جاری کر دیاٹریفک کنٹرول کرنے اور محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کے 950سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کو جانیوالے راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے متبادل روٹس فراہم کیے جائیں گے سکیورٹی کے پیش نظر مجالس اور جلوس کے وقت ٹریفک پولیس ضلع پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے مقام مجالس اور جلوسوں کے روٹ کا معائنہ کیا اورمختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر اس کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے تمام سرکل انچارجز اور ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ مقام جلوس و مجالس کے دوران گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو 500گز کے فاصلے پرپارک کروائیں اور ڈبل سواری پر پابندی لگنے کی صورت میں اس پرمکمل عمل درآمد کروایا جائے۔محرم الحرام کے دوران بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور کالے پیپر کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو تھانہ جات میں بند کروایا جائے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی و تخریب کاری کے تدارک اور امن امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ کام کیا جائے تمام افسران و جوان ان اہم دنوں میں محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کرانجام دیتے ہوئے ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں