لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جس کے باعث اکثر علاقوں میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہو چکا ہے ،لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلشن راوی میں سب سے زیادہ 192 ملی میٹر ،سمن آباد 98 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، اس کے علاوہ جوہرٹاﺅن 160 ، لکشمی چوک 174 ، تاجپورہ میں 185 ،قرطبہ چوک میں 172 ملی میٹر، اقبال ٹاﺅن میں 152ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 171 ملی میٹر ،مال روڈپر 105 ملی میٹر، مغلپورہ میں 164 ملی میٹر، جیل روڑ پر 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔فرخ آباد 129 ملی میٹر ، چوک ناخدا 121 ملی میٹر ، نشتر ٹاون 172 ملی میٹر ،اپر مال 109 ملی میٹر ،گلبرگ 109 ملی میٹر ، ائیر پورٹ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جوہر ٹاون ، فیصل ٹاون ، ٹاون شپ ، گرین ٹاون،واپڈا ٹاون ، ویلنشیاء ٹاون ، نواب ٹاون ، ایل ڈے ایونیو ون میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں ، سڑکوں گلی محلوں میں پانی کھڑا ہوگیا،کھڑاپانی راوی کا منظر پیش کرنے لگا۔چوک ناخدا۔چوک نیلم سنیما ۔فیض باغ۔وسن پورہ میں پانی جمع،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوگئی۔شہر میں بارش، ضلعی انتظامیہ متحرک، افسران نےشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نےمال روڈ، الحمرا اطراف، گورنر ہاؤس، ایوان اقبال میں صورت حال کا جائزہ لیا،ڈی سی لاہور نےلکشمی چوک ایمرجنسی کیمپ، قرطبہ چوک ایمرجنسی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور ایمرجنسی کیمپس پر موجود مشینری اور عملہ کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ بارش تھمتے ہی نکاسی آب آپریشن شروع کر دیا جائے گا،نشیبی علاقوں کی نشاندہی مکمل، ایمرجنسی پوائنٹس پر مشینری، عملہ موجود ہے،تاج پورہ، قرطبہ، حاجی کیمپ، لکشمی، اللہ ہو چوک، جی پی او، ایمپریس روڈ پر پانی موجود ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد فیلڈ میں متحرک ہوگئے،ایم ڈی واسا غفران احمد نے شہر بھر کے مختلف انڈر پاسز کا دورہ کیا اور تمام انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کر دیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جارہا ہے۔بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز جنریٹرز پر چلائے جا رہے ہیں۔ایم ڈی واسا نے نکاسی آب آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں،نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واسا،ایل ڈی اے،سی بی ڈی کی خصوصی ٹیمیں اپنے اپنے ایریاز میں فورا متحرک ہوں۔انڈرپاسز میں نکاس آب کیلئے مشینری فعال رکھیں۔نشیبی علاقوں اور سورنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی ٹیمیں فورا ردعمل دیں۔تمام ڈسپوزل سٹیشنز پوری گنجائش سے فعال رکھیں جائیں۔اے سیز فیلڈ میں پہنچیں۔اپنے علاقے سے نکاس آب کے ذمہ دار ہیں۔ ایکسیئن علی حسین نے ایم ڈی واسا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھا جائے۔موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔پنجاب کےمختلف علاقوں میں بارش ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا،ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ڈی جی عمران قریشی نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔