حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم ڈائلسز سنٹر کے مریض ادویات کی عدم فراہمی کیخلاف مریضوںکے لواحقین سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈائلسز سنٹر جہاںپر گردوںکے مریضوںکا ڈائلسز کا عمل کیاجاتاہے وہاںپر ادویات ناپید ہونے کے باعث غریب مریضوںکو ہزاروں روپے مالیت کی ادویات باہر بازار سے خریدنا پڑرہی ہیں جبکہ متعدد مریض مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے سسکیاں لے رہے ہیں۔لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف پنجاب حکومت گھر کی دہلیز پر عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے ڈھنڈورے پیٹ رہی ہے جبکہ دوسری جانب ادویات کی عدم فراہمی سے ذلیل وخوار کیا جارہاہے بلکہ انہیں موت کے منہ میں دھکیلا جارہاہے ۔دوسری جانب ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مقصود مان نے رابطہ پر بتایا کہ ہمیں ان ادویات کی اوپر سے فراہمی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ بنا ہواہے ۔