لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے برآمد ی شعبے کے مسائل کے حل کیلئے حکومت اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرزپر مشتمل ’’ ایکسپورٹ فورم ‘‘ کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں برآمدکنندگان انتہائی مشکلات کا شکار ہیں جس سے برآمدات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ فنانس ایکٹ سے متعلق برآمدکنندگان کے تحفظات کو جلد سے جلد دور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونیوالی عالمی نمائش کی تیاریوں سمیت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل خصوصاً رواں مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس رجیم کی تبدیلی سے پیدا ہونے والی مشکلات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔