واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ 2024 ء سے دستبردار ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ بقایا مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔ بطور صدر ذمہ داری ادا کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن کو دوبارہ صدارتی امیدوار بننے سے دستبردار کرانے کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی ڈیموکریٹس اور پروگریسیوز نے وائٹ ہاؤس کے باہر نکالی۔ شرکاء کا مطالبہ تھا اپنے صدارتی امیدوار بننے پر ملک کو ترجیح دو۔ شرکاء نے جوبائیڈن سے مطالبہ کیا کہ کسی دوسرے رہنما کو صدارتی امیدوار نامزد کریں۔ آپ نے پل دینے کا وعدہ کیا تھا، ہمیں دیوار نہ دو۔ جوبائیڈن نے کہا کہ میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔ ہم نے ملکر کرونا اور معاشی صورتحال کا مقابلہ کیا۔ امریکی صدر کی حیثیت سے قوم کی خدمت میرے لئے باعث فخر ہے۔ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں ہم نے بحیثیت قوم بہت ترقی کی ہے آج امریکہ دنیا کی سب سے مضبوط معیشت رکھتا ہے۔ صدر جوبائیڈن نے اپنی جگہ کمیلا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار توثیق کر دی۔ اگر ڈیموکریٹس کی جانب سے باضابطہ کملا کو صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا جاتا ہے تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی سیاہ فام اور ایشیائی نژاد امریکی خاتون ہونگی۔ ادھر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر جوبائیڈن کی دستبرداری پر کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کو ہرانا آسان ہو گا۔ واضح رہے ذہنی‘ جسمانی صحت کے ساتھ بڑھتی عمر کی وجہ سے جوبائیڈن پر دستبرداری کیلئے دباؤ بڑھ رہا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کو امریکی تاریخ کا بدترین صدر قرار دیتے کہا کہ ان کے ارد گرد موجود لوگ جانتے تھے کہ وہ صدر بننے کے قابل نہیں ہیں۔ جوبائیڈن صدر کا انتخاب لڑنے کے قابل نہیں تھے، جوبائیڈن یقیناً خدمت کیلئے موزوں نہیں۔