پہلی ائیر ایمبولینس سروس  شروع، میانوالی سے خاتون پنڈی منتقل: ٹیوٹا میں ہزار بھرتیوں، نئے کورسز کی منظوری

Jul 22, 2024

پہلی ائیر ایمبولینس سروس  شروع، میانوالی سے خاتون پنڈی منتقل: ٹیوٹا میں ہزار بھرتیوں، نئے کورسز کی منظوری
پہلی ائیر ایمبولینس سروس  شروع، میانوالی سے خاتون پنڈی منتقل: ٹیوٹا میں ہزار بھرتیوں، نئے کورسز کی منظوری

لاہور+ میانوالی+ راولپنڈی (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس کا وعدہ پورا کردکھایا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گولڈن آور میں علاج۔  وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پرچھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی سے جان بچا لی گئی۔ مریضہ کی حالت تشویشناک تھی۔ جان بچانے کے لئے بڑے ہسپتال میں فوری طورپر منتقل کرنا ضروری تھا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے سرجن نے حلیمہ بی بی کو فوری علاج کے لئے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ائیر ایمبولینس کی آزمائشی سروس کے ذریعے حلیمہ بی بی راولپنڈی منتقل،آپریشن کیا گیا۔ حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے لئے دعائیں دیں،  کہا مریم نوازشریف رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پیغام میں کہا کہ ’’جس نے ایک جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کو بچایا‘‘ اللہ تعالیٰ کے حکم پر عمل کیا۔  مریم نوازشریف نے کہا کہ دلی آرزو ہے کہ ہر شہری کی زندگی سے ہر دکھ مٹادوں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیا ہے۔ مریم نوازشریف نے ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن،چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے اور 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ٹیوٹا کے فائنل میپنگ پلان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے اور لارج سکیل کنسٹرکشن ڈیویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/ آپریٹر کورس آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکلڈ جاب کے لئے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویزاور ٹیوٹا میں 1000 ملازمین بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔  گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کی جائے گی۔ ٹریننگ مٹیریل کی خریداری کے بجٹ بڑھانے اور ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز  پیش کی گئی۔  نئے کورسز میں بلڈنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹورازم، ہاسپٹلٹی،انفارمیشن کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اسمبلنگ اور ریپیئرنگ شامل ہیں۔ فوڈ پروسیسنگ، بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ، ری نیو ایبل انرجی، سرجیکل انسٹرومنٹ کی پروفیشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور بے روزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے۔ انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لئے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں۔ پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کاماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ دوسری طرف وزیر اعلی مریم نوازٹریف نے پاکپتن میں دکان کے تنازع پر مخالفین کا نوجوان کو زندہ جلا دینے کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت۔ مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن کے حوالے سے ٹویٹ میں لکھا، 22 اپریل کے آغاز سے ابتک پنجاب بھر سے 50 ہزار خواتین کی شکایات موصول ہوئیں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں 15 ڈائل کریں، سیف سٹی میں قائم کردہ پاکستان کا پہلا ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن 50 ہزار سے زائد خواتین کی آواز بن چکا۔ 3 ہزار 92 کیسز میں تفتیش کا عمل جاری اور 803 کیسز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ خواتین کی شکایت پر 3 ہزار 172 کیسز کی ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔

مزیدخبریں