جرمنی: افغان شہریوں کا پاکستان قونصلیٹ پر حملہ، پرچم کی بے حرمتی

Jul 22, 2024

اسلام آباد‘ فرینکفرٹ (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) جرمن شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔ پاکستانی سفارتی حکام نے فرینکفرٹ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتارا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔ جرمنی مں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر شرپسندوں نے توڑپھوڑ کی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، جرمن حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے کو یقینی بنایا جا سکے، پاکستانی کمیونٹی سے صبر اور پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس نے ابتدائی تحقیقات کرکے پاکستانی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ نے کہا کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انتہاپسند گروہ کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ  نے کہا کہ گزشتہ روز فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، ویاناکنونشن کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قونصلر  احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور  ان کی سلامتی یقینی بنائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا ہے، ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں، جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے اقدامات کرے،  جرمن حکومت جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز، عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمن حکام گزشتہ روز کے واقعہ میں ملوث افراد کو  فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کریں،  جرمن حکام سکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افرادکو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔ سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ جرمن حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے کو  یقینی بنایا جاسکے جبکہ پاکستانی کمیونٹی سے صبر  اور پرسکون  رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔ دوسری جانب جرمن  سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کرکے پاکستانی حکام کو آگاہ کردیا، احتجاجی عناصر فرینکفرٹ کے بعد آج برلن میں احتجاج کر رہے ہیں۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فرینکفرٹ میں قونصل خانے پر افغان شہریوں کے حملے پر جرمن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ ذرائع دفتر خارجہ نے بتایاکہ جرمن سفیر کو فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ واقعے پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا اور پاکستانی قونصل خانے پر حملہ آور افغان شہریوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

مزیدخبریں