لاہور، فیروزوالہ( نامہ نگار) شاہدرہ کے علاقے سراج پارک میں مضرصحت دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد بے ہوش ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق دودھ پیتے ہی اکبر علی کی فیملی کی حالت غیر ہوگئی جنہیں ریسکیو عملے نے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا ۔متاثرہ افراد میں سجاد اکبر عمر 25 سال‘ اسد اکبر 28 سال‘ ملائکہ اکبر 18 سال‘ ریاض 18 سال، ریا اکبر 19 سال‘ پروین 45 سال‘ شمائلہ اکبر 25 سال‘ اقصیٰ اکبر 28 سال‘ مناہل اکبر 10سال‘ عائشہ راشد 9سال اور 4سالہ محمدعلی راشد شامل ہیں۔ فیملی 6افراد ہسپتال سے ڈسچارج ہوچکے 3بچے اور سجاد زیرعلاج ہیں۔ اکبر علی ایک عرصہ سے قریبی گوالے سے دودھ لے رہا تھا‘ انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے فرانزک ٹیم کو دودھ کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
شاہدرہ میں مضرصحت دودھ پینے سے خاندان کے 11افراد بے ہوش
Jul 22, 2024