امن کے  بغیر سیاست نہ تجارت، نئے انتخابات  نئی سودے بازی کی کوشش: حافظ نعیم

Jul 22, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو جمہور کی رائے کے مطابق چلایا جائے۔ امن کے بغیر سیاست ہو گی نہ تجارت چلے گی۔ پاکستان کسی نئے فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا، قوم کو اندھی لڑائی میں نہ دھکیلا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ، حکمران اور بیوروکریٹس اپنی ناکامی تسلیم کریں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ بیرونی مداخلت کے خلاف جدوجہد کی ہے۔ پاکستان امریکی محبت کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ معلوم نہیں کون کس کے ساتھ کھڑا ہے، ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام پشاور کی تاجر تنظیموں کے عہدیداروںکے اجلاس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرنائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطاء الرحمان، پروفیسر محمد ابراہیم، کاشف چوہدری بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افغانستان سے ہمارا چالیس سال کا رشتہ ہے، دونوں ممالک نے مل کر قربانیاں دی ہیں، جس پر ہمیں کوئی شرمندگی نہیں، تعلقات خراب ہونے پر اسرائیل، بھارت اور امریکہ خوش ہوں گے جو سیاسی جماعتیں ری الیکشن چاہتی ہیں اْن سے سوال ہے کہ کیا پچھلے انتخابات کے فارم 45 موجود نہیں ہیں، نئے انتخابات نئی سودے بازی کی کوشش ہو گی۔ جاگیرداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرنے، بجلی ٹیرف میں اضافہ اور ناجائز ٹیکسز کے خاتمے کے لیے ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک کا آغاز کیا ہے۔ پوری یکسوئی کے ساتھ 26جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

مزیدخبریں