لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ حکمران قومی مفادات کے خلاف ہر قسم کے معاہدے ختم کردیں۔ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ آئی پی پیز کو بھاری ادائیگیاں ملک دشمنی ہے۔ سودی نظام سے ملک معاشی تباہی و بربادی کا شکار ہوچکا ہے۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ غلط فیصلوں سے پوری قوم سکون سے محروم ہوچکی ہے۔ قوم کا بچہ بچہ مضطرب اور پریشان ہے۔ کمر توڑ مہنگائی، بجلی کے ناقابل برداشت بلوں اور ہر سطح پر بے انصافی کی وجہ سے روزانہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ معاشی و سیاسی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، عوام میں مایوسی اور بددلی انتہا کو پہنچ رہی ہے مگر حکمران اور سیاستدان سیدھے راستے پر چلنے کے لئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ عوام کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر تمام چھوٹی بڑی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے کر کے سودی نظام، آئی پی پیز کے عذاب، کرپشن کی تباہی اور ہر سطح پر بے عدلی اور بے انصافی کے خلاف 14 اگست سے ملکی سطح پر عوامی تحریک شروع کی جائے گی۔