پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ جہاں کہیں بھی مسلح عناصر ملیں انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔ اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد پہلے اپیکس کمیٹی اجلاس میں واضح کر دیا تھا کہ کچھ مسلح لوگ سرکاری اہلکار بن کر گھوم رہے ہیں، یہ مسلح افراد خود کو سرکاری ادارے سے منسلک بتاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے کہا کہ پولیس ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے اور ان کے ٹھکانے خالی کروائے۔ اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بنوں معاملے پر بنوں کے مشران سمیت سب کا شکر گزار ہوں، سب نے انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت سے معاملہ حل کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم عوام کے تحفظات دورکریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، سب کو مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کر کے امن قائم کرنا ہے۔