لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کرنے والے ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ جو پیٹرول عمران خان کے دور میں 150روپے لیٹر ہو میں اس کے خلاف آواز بلند کروں اور وہی پیٹرول پی ڈی ایم کی حکومت اور آج کی حکومت کے دور میں پونے تین سو روپے لیٹر ہو تو میں کیسے آواز بلند نہ کروں۔ قائد اعظم نے یہ ملک دو فیصد اشرافیہ کے لئے نہیں بلکہ مڈل کلاس طبقے کے لئے بنایا تھا۔ مہنگائی، بیروزگاری اور ہاتھوں میں ڈگریاں لئے بیروزگار پھرنے والے نوجوانوں کے لئے آواز بلند کرنا میرا جرم ٹھہرایا گیا۔ نوازشریف کی کل بھی عزت کرتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں۔ لیکن یہ وہ نوازشریف نہیں جنہیں میں جانتا تھا۔ مسلم لیگ ن میں پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے بندے آگئے ہیں، یہ ن لیگ کے چہرے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی پارٹی کو جوائن نہیں کر رہا۔ پیدائشی مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگی گھرانے کا ممبر بن کر مرنا چاہتا ہوں۔ اٹھارہ سے بیس سال مسلم لیگ ن کو دیئے، نوازشریف کا بہت قریبی ساتھی رہا۔ میاں صاحب سب اچھا نہیں ہے، پبلک میں آکر دیکھیں آپ کو حقیقت کا اندازہ ہوگا۔
عمران کے دور میں 150 والا پٹرول آج 275 ، کیسے آواز بلند نہ کروں؟: آصف کرما نی
Jul 22, 2024