جناح اقبال فکری فورم کے زیر اہتمام کتابیں تقسیم کرنے کی تقریب

Jul 22, 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)کتاب مقدس قرآن حکیم کا فہم عام کرنے کی کاوشوں کے سلسلے میں جناح اقبال فکری فورم کے زیر اہتمام معروف مترجم اور سماجی رضا کار امتیاز احمد مدنی کے آسان اردو زبان میں ترجمہ کردہ قرآن پاک کے نسخے اور سیرت النبی پر مبنی کتابیں تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب آغوش نورانی فائونڈیشن چکلالہ سکیم تھری میں منعقد ہوئی . جناح اقبال فورم کے چئیرمین رانا عبدالباقی مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت نورانی فائونڈیشن کے چئیرپرسن نورین اسلم عرف نورانی باجی نے کی . اس موقع پر ارسلان اکبر عباسی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کے علاوہ مقدس کتابیں وصول کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی . رانا عبدالباقی نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے اور لازم ہے کہ مائیں کلام الہی کو سمجھیں اور جانیں کہ منشاء الہی کیا ہے . اس طرح وہ اپنے بچوں کی اسلامی اصولوں کے مطابق تربیت کر سکیں گی. انہوں نے کہا کہ ہماری کج فہمی اور بد قسمتی ہے کہ ہم قرآن مجید کو ثواب حاصل کرنے کیلئے محض عربی میں تلاوت کرتے ہیں اور سمجھ نہیں پاتے کہ جو ہم پڑھ رہے ہیں اس کا مطلب کیا ہے حالانکہ اس میں ہمارے لئے زندگی گزارنے کے تمام شعبوں کیلئے ہدایات موجود ہیں . بعد ازاں خواتین میں قرآن پاک کے نسخے ، سیرت البنیؐ پر مبنی کتابیں تقسیم کی گئیں. 

مزیدخبریں