آئی ٹی کمیونیکیشن میںتعطل کے بعد ایئرلائنز کے فضائی آپریشنز بحال

Jul 22, 2024

ریاض (این این آئی )دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل کے بعد ائیرلائنز کے آپریشنز بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آئی ٹی کی خرابی ٹھیک ہونے کے فورا بعد ایئرپورٹ آپریشنز بحال کر دیا گیا۔دبئی ایئرپورٹس نے بیان میں کہا کہ بندش کی وجہ سے ٹرمینلز 1 اور 2 میں کچھ ایئرلائنز کے چیک ان کے عمل کو متاثر کرنے کے بعد آپریشن معمول پر آ گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ ایئرلائنز نے فوری طور پر ایک متبادل نظام کو اختیار کیا جس سے معمول کے چیک ان آپریشنز کو تیزی سے دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح کویت کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے فلائٹ آپریشنز اور تمام ایئرلائنز کے تکنیکی نظام کی بحالی کی اطلاع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سول ایوی ایشن کے ذریعے منظور کئے گئے ہنگامی منصوبے کے فعال ہونے سے اس بندش کے منفی اثرات کو کم ہونا شروع ہو گئے ۔ایشیا بھر میں متعدد امریکی ایئرلائنز نے کہا کہ اب وہ ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں چیک ان سروسز بحال کر کے دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں اور زیادہ تر آپریشنز بھارت ، انڈونیشیا اور سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے پر ہفتے کی دوپہر تک معمول پر آ گئے ہیں۔تھائی لینڈ کے ایئرپورٹس کے صدر نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے پانچ بڑے ہوائی اڈوں پر چیک ان سسٹم معمول پر آ گیا ہے۔ایئرپورٹس پر لمبی قطاریں نہیں ہیں جیسا کہ ہم نے کل تجربہ کیا تھا۔مائیکروسافٹ نے کہا تھا کہ یہ مسئلہ جمعرات کو شروع ہوا جس سے کراڈ سٹرائیک فالکن سائبر سکیورٹی سافٹ ویئر چلانے والے ونڈوز صارفین متاثر ہوئے۔کراڈ سٹرائیک نے کہا کہ اس نے اس مسئلے کا حل نکالا ہے اور کمپنی کے باس جارج کرٹز نے سی این بی سی کو بتایا کہ وہ ذاتی طور پر ہر تنظیم، ہر گروپ اور ہر اس شخص سے معافی مانگنا چاہتے ہیں جو متاثر ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں