اسلام آباد(خطرنگار)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں،ہم چاہتے ہیں کھیلوں کے لئے ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر ہو،مسلم لیگ ن جب حکومت میں آتی ہے تو ملک میں خوشحالی آتی ہے،موجودہ چیلنجز وقتی ہے،اگلے سال آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں ہوگا ملک میں ضرورخوشحالی آئے گی۔وہ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز اٹرنیشنل کھیلوں، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کام کر رہے ہیں،پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں،نوجوان بچوں کو مواقع دیں تو پوری دنیا میں پاکستان کا لوہا منواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں،یوتھ فیسٹیول جیتنے والا بچہ ننگے پاوں دوڑا تھا،حکومتوں کا کام پلیٹ فارم فراہم کرناہے،پاور لفٹنگ مقابلوں میں ہماری بچیوں نے آٹھ گولڈ میڈل جیتے،وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کھیلوں سمیت ہر شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں،قائداعظم کے ویڑن کے مطابق پاکستان صرف اشرافیہ کا نہیں سب کا ہے،دورہ برطانیہ کے دوران مختلف شعبوں میں بہتری پر بات چیت ہوئی،ہم سب نے ملکر ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ حکومت باصلاحیت بچوں کی سرپرستی کرے گی،ہماری توجہ فٹبال پر بھی ہے،ہم پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے کھیلوں میں باصلاحیت ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے۔
وزیراعظم کھیلوں سمیت ہر شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں، رانا مشہود احمد
Jul 22, 2024