پاک افغان بارڈر باب دوستی سے سابقہ شرائط پر پیدل آمدورفت کی بحالی تاحال شروع نا ہوسکی۔ لیویز حکام کا بتانا ہے کہ پاکستانی تاجر اور محنت کش افغانستان جانے کے لیے باب دوستی پہنچے مگر افغان بارڈر حکام نے پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ پر افغانستان داخلے کی اجازت دینے سےانکار کردیا۔ بارڈر حکام کے مطابق بڑی تعداد میں مقامی افغان شہری بھی تذکیرہ پر پاکستان داخلے کےلیے افغان حدود میں جمع ہیں، باب دوستی کے دونوں جانب بڑی تعداد میں پاکستانی و افغان تاجر اور محنت کش جمع ہیں مگر افغان بارڈر پولیس نے تاجروں اور محنت کشوں کی پیدل آمد و رفت روک رکھی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز باب دوستی پرپیدل آمدورفت کی سابقہ پاسپورٹ پالیسی بحال کردی گئی تھی مگر افغان بارڈر پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام اور دھرنا مظاہرین کے مابین معاہدے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ یاد رہے کہ چمن میں باب دوستی پرپاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف 9 ماہ سے دھرنا جاری تھا جو گزشتہ روز کامیاب مذاکرت کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔