اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے مسقط کی وادی کبیر میں مسجد پر حالیہ دہشت گردانہ حملے پر مذمت کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مشترکہ کارروائی کی اہمیت پر زور دیا گیا، نائب وزیر اعظم اسحاق نے دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں میں عمان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے عمانی ہسپتالوں میں جاں بحق افراد اور زخمی پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال میں عمان کی کوششوں کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کر عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اس ہفتے کے آخر میں عمانی سرمایہ کاروں کے ایک وفد کے آئندہ دورے کا خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے قیادت کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کی سطح پر دوروں کے تبادلے پر اصولی طور پر اتفاق کیا۔