امبانیوں کی پرتعیش ترین شادی پر بشریٰ انصاری کی تنقید

پاکستانی معروف، سینئر اداکارہ، گلوکارہ و کامیڈین بشریٰ انصاری نے پڑوسی ملک بھارت میں ہونے والی بے مثال، پرتعیش ترین شادی پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایشیا کی سب سے امیرترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کو دنیا کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جا رہا ہے۔

اننت اور رادھیکا کی شادی سے متعلق معلومات، تصاویر اور ویڈیوز سے جہاں سوشل میڈیا پر سیلاب آیا ہوا ہے وہیں ہر عام و خاص شخصیت اس پر اپنی اپنی رائے کا اظہار بھی کر رہا ہے ۔

یوٹیوب کی دنیا میں حال ہی میں قدم رکھنے والی اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی اپنا نیا وی لاگ اسی موضوع پر بنایا ہے جس میں اُنہوں نے امبانی خاندان سمیت شادیوں پر کروڑوں خرچ کرنے والے افراد پرتنقید کے ساتھ انہیں مشورہ بھی دیا ہے۔

12 منٹ 31 سیکنڈ پر مبنی اپنے وی لاگ میں اداکارہ نے اپنی بڑی بیٹی نریمان انصاری اور میرا انصاری کی شادی پر تفصیل سے بات کی ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نے سادگی سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر میں نے گھر میں پہلی شادی ہونے کے سبب بہت خرچہ کیا تھا اور اپنے تمام شوق پورے کیے تھے، اب مجھے اندازہ ہوتا ہے کہ میری بیٹی صحیح کہتی تھی کہ شادی سادگی سے ہی کرنی چاہیے۔

بشریٰ انصاری نے امبانیوں کی شادی پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں بہت غربت ہے، امیر افراد کو شادیوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے غریبوں کے لیے کچھ بھلا کرنا چاہیے، کیا ہی اچھا ہوتا کہ مکیش امبانی بھی پرتعیش شادی کے ساتھ ساتھ جھونپڑ پٹی میں رہنے والے کم از کم 1 لاکھ افراد کو ایک ایک چھوٹا سا گھر بنا دیتے، بے شک وہ ایک کمرے پر مشتمل ہوتا۔

اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ جتنی امبانیوں کے پاس دولت ہے، غریبوں کو گھر بنا کر بھی دے دیتے تو بھی کوئی فرق نہیں پڑنا تھا۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ میں کوئی روکھی سوکھی روٹی کھاتی ہوں یا اپنے شوق پورے نہیں کرتی، میں بھی خرچہ کرتی ہوں مگر میرے خیال میں ایک حد میں رہتے ہوئے شادیوں پر پیسہ خرچ کرنا چاہیے۔

سینئر اداکارہ کا اپنے وی لاگ کے اختتام پر کہنا ہے کہ یہ میرا وی لاگ کوئی لیکچر نہیں تھا بس میری زندگی کا تجربہ تھا، میری یہ بات چار لوگ بھی سمجھ جائیں اور ضرورت کی جگہ پر خرچ کریں تو بہت تبدیلی آ جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن