اسلام آباد (پ ر) وزارت داخلہ کے ترجمان نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں ٹارگٹ کلنگ ختم کرنے کیلئے سندھ حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ وزیر داخلہ نے میڈیا کی جانب سے ان سے منسوب کیا گیا ایسا کوئی بیان نہیں دیا، ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ ان حقوق اور مینڈیٹ کا مکمل احترام کرتے ہیں جو صوبائی حکومتوں کو اپنے صوبوں میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حاصل ہے تاہم وفاقی حکومت جس وقت ضرورت ہو اس معاملہ پر صوبائی حکومتوں کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔