پیرمحل: نہر میں ڈوبنے والوں کی تلاش جاری، مزید 3 نعشیں نکال لی گئیں

Jun 22, 2014

پیرمحل (نامہ نگار)  نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے خواتین اور بچوں کی نعشوں کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والوں کے عزیزو اقارب رات بھر نہر کنارے دھاڑیں مار مار کر روتے رہے، جاں بحق افراد کی نعشوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن بغیر کسی وقفہ کے بغیر جاری ہے۔ مزید 3 نعشیں نکال لی گئیں۔ 412 چیمہ والی کے45کے قریب زائرین دربار سلطان بری سے سلام کے بعد واپس گائوں آ رہے تھے کہ ریس لگاتی ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر تریموں لنک کچی نہر میں جا گری جس کے نتیجہ میں14بچے اور6 خواتین ڈوب کر لا پتہ ہو گئے۔ آخری اطلاعات کے مطابق اب تک بچوں سمیت آٹھ نعشوں کو نکالا جا سکا۔ ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے ریلیف کیمپ میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور اس اندوہناک سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹکر مارنے والے ٹریکٹر ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد گرفتاری عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پیر محل خالد محمود گجر اور تحصیلدار کو ریلیف کیمپ میں موجود متاثرین و لواحقین کو کھانے پینے، علاج و معالجہ و دیگر سہولیات کی فوری فراہمی کے بھی احکامات جاری کئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا آخری لاپتہ فرد کی تلاش تک ریسکیو آپریش جاری رہے گا۔

مزیدخبریں