پیپلزپارٹی نے بھی اسٹیبلشمنٹ کی بڑی خدمت کی اسکے خلاف کیسے جا سکتی ہے: سراج الحق

Jun 22, 2015

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے پیپلز پارٹی نے باقی حکومتی پارٹیوں کی طرح طویل عرصہ تک اسٹیبلشمنٹ کی بڑی خدمت کی ہے ،آج وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کیسے جاسکتی ہے، عام پاکستانیوں کی طرح لیڈر بھی فرسٹریشن کا شکار ہیں۔ قانون کی بالادستی کیلئے ضروری ہے احتساب کا عمل بڑوں سے شروع کیا جائے۔ خواص کے ٹولے میں سے جب بھی کوئی قانون کے شکنجے میں آتا ہے پوری اشرافیہ چیخنے چلانے لگتی ہے، سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے سے دست و گریبان ہونے کے بجائے غربت، جہالت، مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف لڑتیں تو آج عوام غربت کے ہاتھوں خودکشیاں نہ کر رہے ہوتے، حکمران بار بار دعووں کے باوجود لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کرسکے، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے عوام کو بہت بڑی تحریک کیلئے اٹھنا ہوگا۔ چوبرجی پارک لاہور میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا رمضان المبارک میں سیاسی قیادت کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے اپنے اللہ سے پختہ عہد باندھنا چاہئے۔ 68سال سے ملک پر وہی طبقہ اشرافیہ مسلط ہے جسے عوامی مسائل کا سرے سے ادراک ہی نہیں، سیاسی پنڈتوں کا یہی ٹولہ قوم کا اصل مجرم ہے۔ میں چیف جسٹس سے سوال کرتا ہوں یہ آئین کی خلاف ورزی ہے یا نہیں؟

مزیدخبریں