اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے ’’ممکنہ دھرنا۔ 2 ‘‘ میں تحریک انصاف کو ’’سیاسی تنہائی‘‘ کا شکار کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے ازسرنو رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید لندن میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے وطن واپس آ گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پارٹی کے رہنماؤں کو پیپلز پارٹی کے خلاف بیان بازی میں ’’ہتھ ہولا‘‘ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ مجوزہ احتساب کمشن سے متعلق ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کو شرکت پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھنی چاہئے۔ پیپلز پارٹی کو عمران خان کے ساتھ کنٹینر پر چڑھنے سے روکنے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔ پرویز رشید آئندہ ایک دو روز میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے رابطہ قائم کریں گے۔