اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کشمیری قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کی جدوجہد کیلئے ایک ہی پلیٹ فورم پر متحد ہو جائے، کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں، پاکستانی عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔ مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے کشمیریوں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کے سربراہ ظفر اکبر بٹ نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اسرائیل کی طرز پر بستیاں تعمیر کرنے کے منصبوبے اور ریاست میں بھارتی فوج کے ظلم وتشدد سے آگاہ کیا۔ ظفر اکبر بٹ نے حریت قیادت سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے خصوصی پیغام بھی مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا۔ ظفر اکبر بٹ نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ بھارت کے مسلمانوں کے خلاف ناپاک عزائم کو بے نقاب بنانے اور کشمیر میں بھارتی فوجی مظالم کو روکنے کے لئے عالمی سطح پر رائے عامہ کو ہموار کرے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کشمیری وفد کو یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان انہیں اپنی جدوجہد میں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے اس نازک موڑ پر کشمیری قیادت کو ایک ہی پلیٹ فورم پر اکٹھا ہوجانا چاہئے تاکہ متحد ہوکر ان کی آواز عالمی سطح برادری محسوس کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی بھرپور طریقے سے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرے گی اور اس سلسلے میں مختلف وفود بیرونی ممالک میں جاکر کشمیریوں کی جدوجہد کی حمائت میں رائے عامہ کو ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے، پاکستان مسئلہ کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے اور بھارت سے بامقصد مزاکرات کا خواہشمند ہے لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اس میں بنیادی رکاوٹ ہے بھارت کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔