جموں/نئی دہلی (آئی این پی)بھار ت کی پارلیمانی سٹینڈنگ کمیٹی (پی ایس سی ) برائے داخلہ امور نے دعویٰ کیا ہے کہ عسکریت پسند پٹھانکوٹ ائر بیس پر دوبارہ حملہ کرسکتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمانی سٹینڈنگ کمیٹی جو بین الاقومی سرحد کے ساتھ سیکورٹی کا جائزہ لینے کیلئے جموں میں موجود تھی نے اس سے قبل پٹھانکوٹ کا دورہ کیا۔ وزارت داخلہ سے وابستہ مستقل پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین پی بھٹاچاریہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے حکومت کو تجاویز دی ہیں، پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے دورے کے دوران ہمیں دیہاتیوں نے بتایا ہے انکے دیہات میں بعض عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔ وہاں پھر دہشت گرد انہ حملہ ہونے کا خدشہ ہے۔کمیٹی کی سفارشات کے بعد حکومت نے ائیربیس کی سیکورٹی سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور فوج کے حوالے کرتے ہوئے انہیں الرٹ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 2جنوری 2016کو پٹھانکوٹ ائیربیس پر دہشتگردوں کے حملے میں بھارتی فوج کے 8اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 4حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔
’’دوبارہ حملہ ہو سکتا ہے‘‘ پارلیمانی کمیٹی کا خدشہ، پٹھانکوٹ ائر بیس کی سکیورٹی 3 بھارتی فورسز کے حوالے
Jun 22, 2016