کراچی میں بھتہ خور سرگرم‘ تاجر کوپرچی دینے پرآئی جی سندھ کا نوٹس

Jun 22, 2016

کراچی(کرائم رپورٹر) آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے اولڈ سٹی ایریا میں تاجر کو بھتے کی پرچی دیئے جانے کا انتہائی سخت نوٹس لیا ہے ۔ انہوں نے ڈی آئی جی سی آئی اے کو فوری طور پر مذکورہ تاجر سے ملاقات کرنے اور مبینہ بھتہ پرچی کے مندرجات اور اس میں درج موبائل نمبر کو ٹریس کرتے ہوئے ایسے فعل میں ملوث عناصر ، گروہوں اور انکے سرپرستوں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام تر کاروائیوں پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے زونل ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تاجر برادری اور انکی نمائندہ تنظیموں سے فوری شیڈول اجلاس ترتیب دیکر انہیں تمام تر سیکیورٹی امور کو عین انکی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں فراہم کرنیکے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ اور تاجر کمیونٹی کو پر امن ماحول میں کاروباری سرگرمیاں بلا کسی خوف جاری رکھنے کے تمام تر اقدامات یقینی بنائیں جاسکیں ۔ ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ باالخصوص جرائم سے متاثرہ علاقوں میں افطاری سے ایک گھنٹہ قبل اور افطاری کے ایک گھنٹہ بعد باقاعدہ پوائنٹس بناکر رینڈم اسنیپ چیکنگ کو تھانہ جات کی سطح پر یقینی بنایا جائے تاہم ان اقدامات کے دوران ٹریفک کی روانی کا بھی خاص خیال رکھا جائے ۔ آئی جی سندھ نے میڈیا پر تھانہ سچل کی حدود میں مبینہ فائرنگ سے ڈاکٹر کی ہلاکت کے واقعہ پر بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے وقوعے کی تمام پہلووُں پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے اور ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری یقینی بنانیکے احکامات جاری کیئے ہیں ۔

مزیدخبریں