مقدمات کی عدم پیروی‘ لگتا ہے ایف بی آر‘ شعبہ ٹیکس خانہ بدوش چلا رہے ہیں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے ایف بی آر کے مقدمات کی عدم پیروی سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی ، عدالت نے ایف بی آر کے غیر سنجیدہ رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو عید کے بعد باضابطہ جواب دینے کی ہدایت کی ہے ۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راناوقار کو مخاطب کرتے ہوئے جسٹس اعجاز افضل خان کا کہناتھا کہ ایف بی آر کی غیر سنجیدگی سے لگتا ہے ایف بی آر اور شعبہ ٹیکس کو خانہ بدوش چلا رہے ہیں ، ۔عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کی مقدمات میں کوئی دلچسپی ہی نہیں،ایف بی آر اور ٹیکس حکام کی دلچسپی کہیں اور ہی لگتی ہے کیونکہ عدالتی احکامات کے باوجود کوئی بہتری نہیں آئی۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو عید کے بعد باضابطہ جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر سے کسی عدالتی فورم کو قانونی معاونت نہیں ملتی جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مقدمات ایف بی آر کے ہی ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن