لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے این جی اوز کے دفاتر کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ کے ذمہ دار افسر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔ فاضل عدالت کے روبرو نجی این جی اوز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے دفاتر پر غیر قانونی طور پر پابندی عائد کی گئی۔ این جی اوز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ عدالت سے رجوع کرنے پر ان کے دفاتر کو کھول دیا گیا اور پابندی ہٹا لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست واپس لیتے ہی این جی اوز کے دفاتر پر چھاپوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ دفاتر کو زبردستی بند کرایا جا رہا ہے جو کہ عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملکی مفاد میں کام کرنے والی این جی اوز کے دفاتر کو کھولنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ کیس کی مزید سماعت پندرہ یوم تک ملتوی کر دی۔
این جی اوز کے دفاتر کی بندش، وفاقی وزارت داخلہ کے ذمہ دار افسر سے جواب طلب
Jun 22, 2017