لاہور/ پھولنگر، صوابی (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار) چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری رہا، محمد حفیظ اور جنید خان وطن واپس پہنچ گئے‘ شاندار استقبال کیا گیا۔ محمد حفیظ لاہور پہنچے تو ایئرپورٹ پر انکے بیٹے، بیٹی اور رشتہ داروں سمیت شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کہ سرفرازاحمد نے ٹورنامنٹ میںبہترین کپتانی کی، بھارت کیخلاف فائنل کا دباؤ نہیں تھا، فتح میں حصہ ڈالنے پربہت خوش ہوں، دعا ہے ہم اسی طرح قوم کوآئندہ بھی خوشیاں دیتے رہیں اور قوم اسی طرح ہمیں سپورٹ کرتی رہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں 8 شکار کرنیوالے جنید خان بھی وطن واپس پہنچ گئے، اسلام آباد ائرپورٹ استقبال کیلئے پی سی بی یا حکومتی اہلکار موجود نہیں تھے، فاسٹ بولر کو سامان گم ہونے کی وجہ سے پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں جنید خان پولیس سکیورٹی میں موٹر وے کے راستے صوابی روانہ ہوئے جہاں صوابی انکا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جنید خان نے کہا وہ قوم کی خوشی پر بہت خوش ہیں۔ بھارت کیخلاف میچ ہارے تو سب نے کہا کہ یہ ٹیم چیمپئنز ٹرافی نہیں جیت سکتی لیکن ٹھان لیا تھا کہ جیت کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے اور پھر ٹرافی جیت کر قوم کو خوشیوں کا تحفہ دیا۔ چیمپئن شپ جیتنا اعزاز کی بات ہے، ٹیم پر پریشر تو تھا، لیکن ہمارے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں تھا۔ مثبت سوچ کیساتھ کھیلے اور کامیاب ہوگئے۔ ٹارگٹ تو بھارت کے تمام بیٹسمین تھے۔ عامر آئوٹ کرے، حسن کرے یا میں کروں، خوشی برابر ہوتی ہے۔ ابتدائی ناکامی کے بعد محنت کی اور شاندار طریقے سے کم بیک کیا۔ پی ایس ایل کی وجہ سے رومان رئیس، فخر زمان اور حسن علی جیسے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ ا کامیابی کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج بہت بہتر ہوا ہے۔ دریں اثناء قائم مقام گورنر رانا محمد اقبال خاں کرکٹر فہیم اشرف کے گھر گئے۔ ٹیم کی فتح پر نوجوان کھلاڑی کو مبارکباد دی گلدستہ پیش کیا اور مٹھائی کھلائی۔ گورنر کافی دیر قومی کرکٹر کی رہائشگاہ پر موجود رہے اور باہمی دلچسپی کے علاوہ کرکٹ کے حوالے سے گپ شپ کی۔ رانا محمد اقبال خاں نے فہیم اشرف کو مستبقل میں کامیابی بہتری کے حوالے سے اپنے تجربے کے پیش نظر مفید مشورے دیئے۔ ان کے صاحبزادے بیرسٹر رانا جاوید اقبال خاں، رانا محموداقبال خاں رانا اقبال خاں کے علاوہ علاقے کی سرکردہ شخصیات بھی ہمراہ تھیں۔ دریں اثناء قومی اسمبلی کے رکن رانا محمد حیات خاں کے صاحبزادے رانا فیصل حیات خاں، رانا سعید جمیل، سردار احمدایاز نکئی بھی آل رائونڈر فہیم اشرف کے گھر آئے اور فائنل میچ میں تاریخی فتح پر مبارک باد پیش کی۔ وزیراعظم نوازشریف کے قومی کرکٹ ٹیم کو مدعو کرلیا۔ قومی کرکٹرز 5جولائی کو وزیراعظم سے ملاقات کرینگے۔ قومی کرکٹرز کو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی مدعو کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی 6جولائی کو آرمی چیف سے ملاقات کرینگے۔