سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ منائی گئی، ملک بھر میں تقریبات

Jun 22, 2017

لاہور+کراچی(صباح نیوز)لاہور، لاڑکانہ، کراچی سمیت ملک بھر میں سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کے 64ویں یوم پیدائش کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کا کہنا تھا محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان قربان کر کے جمہوریت کو بچایا۔لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، وقار مہدی، راشد ربانی اور اسلم شیخ نے سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو کے 64 ویں یوم پیدائش پر کیک کاٹا۔ اس موقع پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ محترمہ نے آمروں کے خلاف بھرپور جدوجہد کی۔کراچی میں سینیٹر سعید غنی کی رہائشگاہ پر شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ آج پاکستان کو شہید بی بی کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان کی جو قیادت موجود ہوتی ہے اس کی کردار کشی کی جاتی ہے۔ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ محترمہ نے اپنی جان قربان کر کے پاکستان میں جمہوریت کو بچایا۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے جنرل پرویز مشرف یونیفارم اتارنے پر مجبور ہوئے۔

مزیدخبریں