کراچی( اسپورٹس رپورٹر) روس کی میزبانی میں جاری فیفا ورلڈ کپ2018 کے8ویں رو زگروپ ای کے سلسلے میں لیگ مرحلے کے 2 اور گروپ ڈی کے سلسلے مین ایک میچ کھیلا جائے گا۔ عالمی کپ کی فیوریٹ اور چھٹے ٹائٹل کی خواہش مند ٹیم برازیل کا سامنا گروپ ای کے اپنے دوسرے میچ میں اپنے ہی زون کی ٹیم کوسٹا ریکا سے ہوگا اس گروپ کے پہلے میچ میں برازیل کے خلاف سوئٹزرلینڈ نے میچ برابر کر کے اپ سیٹ کردیا تھا۔ برازیل کو ناک آئوٹ مرحلہ میں جگہ بنانے کے لئے اس میچ میں فتح کی اشد ضرورت ہے۔ اس گروپ میں کوسٹا ریکا کو یورپین حریف سربیا نے صفر ایک گول سے شکست دی تھی۔ برازیل کے خلاف شکست ہوئی تو کورسٹاریکا ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوجائے گا دوسری جانب سوئٹزرلینڈ جس نے برازیل کے خلاف میچ برابر کرکے ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے تو سربیا کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کا تعلق یورپ سے ہے سربیا 3 پوائنٹس کے ساتھ فی الحال اس گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر ہے برازیل اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوگا جب کہ سربیا اور سوئٹزلینڈ کے درمیان میچ رات گیارہ بجے کھیلا جائے گا۔ گرو ڈی میں نائیجیریا کا سامنا آئس لینڈ سے ہوگا اس گروپ میں نائیجیریا کو پہلے میچ میں کروشیا نے 0-2 گول سے شکست دی تھی۔ جب کہ آئس لینڈ نے ارجنٹینا کے خلاف برابر کھیلا ۔ نائیجیریا کی شکست کی صورت میں ایک اور اسلامی ملک ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گا۔ اس سے قبل تین مسلمان ممالک مصر‘ سعودی عرب اور مراکش مسلسل شکستوں کے بعد عالمی کپ سے باہر ہوچکے ہیں۔