خفیہ اثاثے رکھنا مشکل کاروباری برادری ایمنسٹی ا سکیم سے فائدہ اٹھائیں چیئرمین ایف بی آر

کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) طارق محمود پاشا نے کہا ہے کہ اب ملک کے اندر و بیرون ملک خفیہ اثاثے رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اس لئے ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم کاروباری برادری کیلئے ہے جواپنے اثاثے ظاہر کر کے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ،تاجروں نے اپنا پیسہ خوشی سے باہر نہیں بھیجا بلکہ مجبوراً بھیجا جس میں امن و امان کی صورتحال، دیگر حالات کی خرابی، سسٹم کی کمزوری اور ایف بی آر کی کوتاہی شامل ہے،پیسہ وہیں جاتاہے جہاں اسے تحفظ ملتا ہے اسلئے سرمایہ باہر بھیج کر کاروباری برادری نے کوئی قصور نہیں کیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فیڈریشن چیمبر کے صدر غضنفربلور،یو بی جی کے چئیرمین افتخار علی ملک نے بھی خطاب کیا جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کریم عزیز ملک،ظفربختاوری اور دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو ویلکم کیا گیا مگر اس وقت اعداد و شمارظاہر نہیں کئے جا سکتے ،تین ماہ میں ایف بی آر کو 102ممالک میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کے اکائونٹس تک رسائی حاصل ہو جائے گی اور ان میں سے جن لوگوں نے اپنے غیر اعلانیہ اثاثے ظاہر نہیں کئے ان کیلئے غیر ممالک میں خفیہ اثاثے رکھنا مشکل اور بہت مہنگا ہو جائے گا۔اس موقع پر وفاقی چیمبر کے صدر غضنفر بلور، افتخار علی ملک اور دیگر تاجر رہنمائوں نے کہا کہ بجٹ میں ایف پی سی سی آئی کی بہت سی سفارشات مانی گئی ہیں جبکہ امید ہے کہ محاصل کی صورتحال بہتر ہونے پر اگلے سال باقی ماندہ سفارشات کو بھی مان لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن