کراچی (وقائع نگار) چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس میاں ثاقب نثار کی عدالت میں کسی فلمی منظر کی مانند تالیاں بج گئیں۔ کمرہ عدالت میں موجود سائلین اورشہریوں نے دو الگ الگ مواقع پر چیف جسٹس کے فیصلے اور ریمارکس کو سراہتے ہوئے بے اختیار ہو کر زوردار تالیاں بجا دیں جس پر خود چیف جسٹس نے حاضرین کو تالیاںنہ بجانے کی ہدایت کی۔ پہلی مرتبہ چیف جسٹس آف پاکستان نے جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات کے حق میں جب فیصلہ سنایا اور یونیورسٹی پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تو حاضرین نے زوردار تالیاں بجا کر عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ دوسری مرتبہ لوڈشیڈنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کے ریمارکس پر حاضرین نے تالیاں بجائیں۔