اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں پاکستانی ٹیم تو موجود نہیں لیکن پاکستان سے تعلق رکھنے والے 15سالہ بچے کو منفرد اعزاز حاصل کرنے کا موقع مل گیا۔؎پاکستان کے علاقے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے احمد رضا کے اہلخانہ گزشتہ 3دہائیوں سے فٹبال کی ہاتھ سے سلائی کرتے آ رہے ہیں اور وہ کل برازیل اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ میں ٹاس کا سکہ اچھالیں گے۔ احمد رضا آج تاریخ رقم کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے میدان میں پہنچ کر سکہ اچھالنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔15سالہ احمد اور ان کے والد دونوں ہی فٹبال کے بہت دلدادہ ہیں اور احمد کی ورلڈ کپ 2018 میں شرکت ان کے خواب کی تکمیل کی مانند ہے۔سیالکوٹ کے رہائشی احمد کے پسندیدہ کھلاڑی نیمار جونیئر ہیں اور وہ برازیل کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں سپورٹ کر رہے ہیں اور اس شاندار موقع کے ذریعے انہیں ورلڈ کپ میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے ملنے کا موقع ملے گا۔اس اقدام کے پیچھے دنیا کی مشہور و معروف مشروب ساز کمپنی کوکا کولا ہے جو پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ کو بھی فیفا ورلڈ کپ کے لیے روس لے کر جا رہی ہے۔کمپنی نے احمد کے سیالکوٹ کے ماسکو تک کے سفر کی دستاویزی فلم بنانے کے لیے دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے سے رابطہ کیا ہے اور اس دستاویزی فلم کو اگلے ماہ جاری کیا جائے۔