اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے15جنوری 2016 ء کو پنجاب اور خیبرپی کے میں ہونے والے بجلی کے طویل بریک ڈائون پر قابو پانے میں ناکامی پر جینکو تھری کو50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔نیپراکے مطابق سرکاری ملکیتی کمپنی میسرز ناردرن پاور جنریشن کمپنی (جینکو تھری) کو یہ جرمانہ ٹی پی ایس مظفرگڑھ کے 220کے وی سوئچ یارڈ کی مرمت میں غفلت اور پنجاب اورخیبرپی کے کے شمالی نیٹ ورک میں 15جنوری2016ء کو ہونے والے پاور بریک ڈائون کے نتیجہ میں سسٹم کے تحفظ کے غیرپیشہ وارانہ عمل پر کیا گیا ہے۔اتھارٹی کی طرف سے این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی تھی کہ معاملہ کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ اتھارٹی کو جمع کرائے۔ این ٹی ڈی سی کی انکوائری رپورٹ کے بعد نیپرا نے جینکو تھری کو اس بریک ڈائون کا ذمہ دار قرار دیا ۔ ٹی پی ایس مظفرگڑھ کے ابتدائی تحفظ کے غیرفعال ہونے کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن اور پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے جس کے باعث طویل بریک ڈائون کا سامنا کرنا۔