لاہور(اپنے نامہ نگار سے) ضلعی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے ہائیکورٹ کے حکم کے بعدماتحت عدالتوں میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران75ہزار زیر التواء مقدمات نمٹادیئے گئے۔چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد یاور علی کی منظوری کے بعدڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری رائو عبدالجبار نے سیشن ججز کو ہدایت جاری کی۔ انہوں نے حکم جاری کیا کہ سیشن، سول کیسز میں 30جون تک روزانہ سماعت کی جائے۔ بچوں کے خرچے،حق مہر کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ تمام سول عدالتیں تقسیم جائیداد کے پرانے مقدمات کو بھی روزانہ کی بنیاد پر سنیں۔ معمولی جرائم سول عدالتوں میں دائر کیسز کا بھی 30جون تک فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ ہائیکورٹ کی صوبہ بھر میں سیشن ججز کو عملدرآمد رپورٹ بھجوانے کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔