شیخ رشید کو اداکارہ ارمینا خان کے بعد ریحام خان نے بھی کھری کھری سنا دیں،اس شخص کو صادق امین کی حیثیت دے دی گئی ہے،ٹویٹ

Jun 22, 2018

اسلام آباد (این این آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے شیخ رشید احمد کو نازیبا گفتگو پر شدید تنقیدکا نشانہ بنایا۔ ریحام خان نے ان کے انٹرویو کی ویڈیو کلپ ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس شخص کو سپریم کورٹ کی جانب سے صادق اور امین کی حیثیت دے دی گئی ہے۔ ریحام خان نے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ اس معاملے کا نوٹس لے گی؟ انہوں نے درخواست کی کہ پاکستان سے اس گند کو ختم کیا جائے۔ ریحام خان کی شائع ہونے والی کتاب سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے انہیں ایک ہزار طوائفوں سے بھی بدتر قرار دیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس دن عمران خان نے ریحام خان سے شادی کی تھی، انہوں نے اسی دن ہی سر پکڑ کر پی ٹی آئی چیئرمین کو مستقبل کے خطرات سے آگاہ کردیا تھا۔ پروگرام کے دوران شیخ رشید نے جارحانہ گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے بھی ناشائستہ زبان استعمال کی۔ اداکارہ ارمینا خان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر بھڑک اٹھیں اور کہا ایسے شخص کو ٹی وی پر بلانے کی اجازت کیسے دی گئی۔ اداکارہ ارمینا خان سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال رہتی ہیں اور اداکاری کے علاوہ ملکی مسائل میں بھی بہت زیادہ دلچسپی لیتی ہیں اور اکثروبیشتر اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز ارمینا خان نے شیخ رشید کی کلاس لیتے ہوئے انہیں خوب کھری کھری سنادیں۔ ارمینا خان نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں شیخ رشید کسی ٹاک شو میں بیٹھ کر فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کررہے ہیں۔ ارمینا خان نے فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کے لیے نازیبا لفظ استعمال کرنے پر شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کون ہے یہ آدمی؟ اور یہ کیوں فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کررہا ہے؟ اس کے علاوہ اسے کس نے اجازت دی اتنی نامناسب زبان ٹیلی ویژن پر استعمال کرنے کی؟۔ ایک اور ٹوئٹ میں ارمینا خان نے کہاکہ انہیں اس آدمی (شیخ رشید) کی وجہ سے بہت شرمندگی ہورہی ہے۔ برطانیہ میں اس شخص کو کسی بھی عوامی دفاتر کے قریب پھٹکنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی۔

مزیدخبریں