ٹانک (این این آئی) جے یو آئی کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوامی مطالبہ پر ملک کی تمام بڑی دینی جماعتیں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے متحد ہو چکی ہیں، عمران خان کا بلین ٹری منصوبہ کرپشن کے سوا کچھ نہیں تھا، صوبائی حکومت کی ناکامی کا اعتراف عمران خود کرچکے ہیں، اب مرکزی حکومت کیلئے پر تول رہے ہیں، پاکستان میں مذ ہب سے بے زار بعض قوتیں ایسی ہیں جو اسلام کو مانتی ہیں، اسلام کا پرچار کرتی ہیں لیکن وہ اپنی ذات کی حد تک مسلمان ہیں وہ ملک میں فحاشی اور عریانی کو پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں وہ چاہتی ہیں کہ ملکی معیشت اور کاروبار سود کی بنیاد پر ہو ،شراب اور فحاشی پر پابندی نہ ہو، وہ قوتیں ان باتوں کو روشن خیالی تصور کرتی ہیں اگر ان کے سامنے دین اسلام اور قرآن کی روشنی میں بات کی جائے تو وہ اس کو رجعت پسندی سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ٹانک میں متحدہ مجلس عمل کے الیکشن دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں حلقہ پی کے 94سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار محمو د احمد خان بیٹنی ،این اے 37کے امیدوار مولانا اسد محمود ،متحدہ مجلس عمل کے ضلعی آمیر مولان شریف الدین ،جنرل سیکرٹری شیخ بشیر احمد نقشبندی،فدا محمد بیٹنی ،عطاء الرحمن فاروقی اورشعیب احمد سمیت مقامی قائدین اور ورکروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ خان اور نواب کا فلسفہ عوام کو غلام بنا کر رکھنا ہے تاکہ ان کے بنیادی حقوق کو غضب کر کے ان پر حکمرانی کی جا سکے ۔نواب اور خان کے ساتھ ہماری جنگ نظریاتی ہے اور اس کے فرعونیت والے فلسفہ کو ختم کئے بغیر عوام اپنے حقوق حاصل نہیں کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کا پارلیمنٹ میں ہوتے ہوئے کوئی مائی کالعل غیر اسلامی بل پاس نہیں کراسکتا۔ جمعیت علماء اسلام نے ٹانک کی عوام کو خان ازم سے چھٹکارا دلایا۔