اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر مملکت و لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ جاندار میڈیا کے ہوتے ہوئے کوئی دھاندلی کا نہیں سوچ سکتا۔ جنہوں نے بجلی نہیں بنائی ان کو بجلی نہیں مل رہی ۔ جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاکہ سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ 62، 63 کا اطلاق سب پر کریں جو اس پر پورا نہیں اترتا اس کو فارغ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نگراں وزیر اعظم کو خط لکھ کر بجلی کیوں نہیں آ رہی اس کا میں جواب دیتا ہوں کہ جنہوں نے بجلی نہیں بنائی ان کو بجلی نہیں مل رہی ۔ وفاق اور پنجاب نے بجلی بنائی وہاں آ رہی ہے ۔ عمران خان نے کے پی کے میں ایک واٹ بجلی پیدا نہیں کی پھر بھی رونا رو رہے ہیں کہ بجلی نہیں مل رہی انہوں نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن کے لئے پنجاب میں بیوروکریٹ کے تبادلے کر دیئے گئے ہیں مگر دوسرے صوبوں میں ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان زلفی بخاری کے معاملے پر وضاحت دیں اور جو انہوں نے لوٹے جمع کئے ان پر بھی وضاحت دیں ۔
جاندار میڈیا کے ہوتے ہوئے کوئی دھاندلی کا نہیں سوچ سکتا:طلال چوہدری
Jun 22, 2018